ممبئی15اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ملک میں سترویں یوم آزادی دھوم دھام سے منائی گئی ۔اس موقعہ پر ممبئی مجلس اتحاد المسلمین کے دفتر واقع ناگپاڑہ میں بھی ترنگا سلامی کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔ صبح گیارہ بجے مجلس ممبئی کے صدر عبد الرحمن شا کر پٹنی اور بائیکلہ سے مجلس کے ایم ایل اے وارث پٹھان نے ترنگا پھہرانے کے بعد عوام کو سترویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ۔جلسہ گاہ اور اس کے اطراف میں ’’جے میم ،جے بھیم ‘‘کے نعروں اور دستور ہند کے خالق بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤامبیڈکر کی تصاویر سے مزین ہارڈنگس اور فلیکس بورڈ نظر آرہے تھے ۔عبد الرحمن شاکر پٹنی نے عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آزادی کا جشن منا تو رہے ہیں ۔لیکن ہمیں ابھی تک مکمل آزادی نہیں ملی ہے ۔ہم نے انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن ہمارے ان بزرگوں نے جس آزاد ہندوستان کا خواب دیکھا تھا وہ آج بھی ادھورا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اس آزاد ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جس میں کوئی بھوکا نہ ہو ۔جس میں خواتین کی عزت محفوظ ہو ۔جس میں بچوں کو اپنے اور خاندان کی کفالت کی فکر میں مزدوری نہیں کرنی پڑے ۔انہوں نے اس آزاد ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جہاں دہشت کے بجائے خوشیاں ہوں ۔جہاں ملک کو اناج کے معاملہ میں خود کفیل بنانے والا کسان خوش حال ہو ۔جہاں دلت اور اقلیتیں بلا خوف زندگی بسر کریں ۔انہوں نے خواب دیکھا تھاکہ ملک دنیا کی رہنمائی کرے گا ۔لیکن آج ہم کہاں کھڑے ہیں۔شاکر پٹنی نے کہا کہ ’’کیا وہ خواب پورا ہوا؟نہیں ہوا ‘‘آج اس کے برخلاف کسان خود کشی کررہا ہے ۔ہمارے لئے سردی گرمی کی پروا کئے بغیر اناج اگانے والا کسان بد حال ہے ۔امیر اور امیر ہو رہا ہے اور غریب اور غریب ہو رہا ہے ۔اس لئے یہ آزادی ادھوری ہے ۔کیا ہم اس کو آزادی کہیں گے جہاں گائے کے نام پر انسانوں کا قتل ہو رہا ہے؟۔کیا دنیا کے کسی آزاد اور جمہوری ملک میں ایسی کوئی مثال ملتی ہے جہاں جانوروں کی وجہ سے انسان مارے جاتے ہوں ؟ ہمیں ایک اور آزادی یعنی مکمل آزادی کے لئے کمربستہ ہو نا پڑے گا ۔ہمیں گندی سیاست سے آزادی حاصل کرنی ہے ۔فرقہ پرستی کے ناگ سے آزادی حاصل کرنی ہے ۔ہمیں آزادی حاصل کرنی ہے گندی سڑکوں ٹوٹی گلیوں اور بھوک اور بیماری سے ۔ہمیں آزادی حاصل کرنی ہے بچہ مزدوری سے۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم متحد ہوں اور ایک نئے جد و جہد کا آغاز کریں۔بائیکلہ سے مجلس اتحاد المسلمین کے ایم ایل اے ایڈووکیٹ وارث پٹھان نے گائے کے نام پر مسلمانوں اور دلتوں پر ظلم کی کھل کر مذمت کی انہوں نے کہا ہم اس کے خلاف ہیں،ہماری پارٹی اس کے خلاف ہے اور ہم اپنے لیویل پر اس کے خلاف عوام کو بیدار کریں گے۔ہم دو مظلوم قوموں کو ایک ساتھ لے کران کو سیاسی قوت بنائیں گے ۔آنے انتخابات کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم پورے جوش خروش کے ساتھ اس انتخاب میں حصہ لیں گے ۔حالانکہ ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ پارٹی کتنے امیدوار اتارے گی لیکن اتنا تو طے ہے کہ مخالفین دیکھیں گے کہ ہم آنے والے ہر انتخاب میں فیصلہ کن پوزیشن میں ہوں گے ۔انہوں نے بھی دلت مسلم اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا ۔